اُڈپی، 25/ مئی (ایس او نیوز) اڈپی اور منی پال کے درمیان واقع نیشنل ہائی وے پر 18 مئی کو دو گروہوں کے بیچ جو زبردست جھڑپ ہوئی تھی اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اس گروہی تصادم میں ملوث ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تشدد اور جھڑپ کی ویڈیو کلپ بعد میں سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے اس میں ملوث دونوں گروہ کے اراکین کاوپ کے رہنے والے ہیں ۔ ایک کار کی فروخت کے مسئلے پر دونوں گروہوں کے بیچ نیشنل ہائی وے پر لڑائی ہوئی تھی ۔ ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں گروہ کے افراد الگ الگ کاروں میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے ہیں اور کاریں ٹکرانے کے علاوہ ایک دوسرے پر کار چڑھانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں ۔ اس دوران ایک شخص کو کار کے نیچے کچلنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگیا ۔
اس ضمن میں اُڈپی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار شدہ ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں یکم جون تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔